آن لائن ادویات کی فروخت پر امتناع تجارتی اداروں کے خلاف دھاوے۔ مرکزی وزیر کا بیان

نئی دہلی۔/26فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت مہاراشٹرا نے آن لائن کاروباری اداروں اسناپ ڈیل، امیزان اور نلیپ کرٹ کے خلاف کارروائی کی ہے جنہوں نے کارآمد لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کی ہیں۔ مرکزی وزیر صحت جے پی ندا نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن محکمہ نے ای کامرس اداروں کے خلاف کارروائی کررہی ہے جو کہ کارآمد لائسنس اور بلز کی اجرائی کے بغیر صارفین کو آن لائن ادویات فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے مطابق ادویات کی فروخت کیلئے لائسنس اتھاریٹی کے پاس رجسٹریشن کروانا لازمی ہے اور ڈاکٹروں کے تحریر کردہ نسخہ بھی دیکھنا ضروری ہے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ ادویات کی آن لائن فروخت کے خلاف کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹ اسوسی ایشن نے حکومت سے شکایت کی ہے جس کے بعد حکومت مہاراشٹرا نے وافر مقدار میں ادویات فروخت کرنے والے ای کامرس اداروں کے خلاف کارپوریٹ دفاتر پر دھاوے کئے ہیں۔