کارپوریٹرس و دیگر عوامی نمائندوں سے سرگرم رول کی اپیل : مئیر حیدرآباد کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 4 اگسٹ ( این ایس ایس ) مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے آج تمام کارپوریٹرس ‘ وارڈ ممبرس ‘ ایریا سبھا ممبرس ‘ عوامی نمائندوں ‘ این جی اوز اور سیلف ہیلپ گروپس سے خواہش کی کہ وہ حکومت کے آنکھوں کے معائنہ پروگرام کے تعلق سے عوام میںشعور بیدار کرنے میں اہم رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ پروگرام باوقار ہے اور اس کا مقصد آنکھو ںکی کھوئی ہوئی روشنی کو بحال کرنا ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 1.2 کروڑ شہری ہیں اور ان کی آنکھوں کا معائنہ ہونا چاہئے ۔ ہر شہری میں اس پروگرام کے تعلق سے شعور بیدار کرنے اور اس اسکیم سے استفادہ پر زور دینے کے مقصد سے ایک جائزہ اجلاس آج جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں مئیر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ‘ ارکان اسمبلی ایم گوپی ناتھ ‘ اے گاندھی ‘ ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین ‘ پرنسپل سکریٹری صحت و طبابت شانتی کماری ‘ کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا ‘ کارپوریٹرس اور جی ایچ ایم سی کے سینئر عہدیداروں وغیرہ نے شرکت کی ۔ تمام نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے میر حیدرآبگاد نے مختلف وارڈ کمیٹی ارکان ‘ کارپوریٹرس اور دوسرے عوامی نمائندوں کی پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیا ۔ مئیر حیدرآباد نے کہا کہ آنکھوں کی نگہداشت کے مراکز پر ہر طرح کے معائنے کئے جانے چاہئیں ۔ ہر وارڈ میں ایک مرکز قائم کیا جائیگا جہاں ایگزیکیٹیو انجینئرس کو ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ ان مراکز میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ مئیر نے کہا کہ یہ کام شروع بھی ہوگیا ہے ۔ مئیر نے تمام کارپوریٹرس اورعوامی نمائندوں سے خواہش کی کہ وہ شخصی طور پر صورتحال کی نگرانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے تیار کردہ اس پروگرام کو زبردست کامیابی سے ہمکنار کیا جانا چاہئے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ تمام شہریوںکو ان مراکز پر آنکھوں کا معائنہ کرواتے ہوئے اپنے آدھار کارڈ دکھانے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کے تمام عہدیداروں کو بھی ایک دوسرے سے بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔