ٹی جی وینکٹیش اور ای پرتاپ ریڈی کا تلگودیشم میں شمولیت کے بعد بیان
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) سیما آندھرا علاقہ کو ’’سنہرے آندھرا‘‘ میں تبدیل کرنے کی طاقت صرف اور صرف تلگودیشم پارٹی میں ہی پائی جاتی ہے اور اس طاقت کے ذریعہ مسٹر چندرابابو نائیڈو صدر تلگودیشم پارٹی کی قیادت میں ہی سیما آندھرا علاقہ کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ تیز رفتار ترقی دی جاسکتی ہے۔ آج یہاں صدر تلگودیشم پارٹی کی قیامگاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں کانگریس پارٹی سے مستعفی ہوکر تلگودیشم پارٹی میں اپنی شمولیت کا اعلان کرنے کے بعد مسٹر نائیڈو کی موجودگی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کابینہ کے سابق وزراء مسرس ٹی جی وینکٹیش اور ای پرتاپ ریڈی و دیگر قائدین نے یہ بات کہی اور بتایا کہ صدر تلگودیشم پارٹی چندرابابو نائیڈو نے اچھے فعال و دیانتدار قائدین کو ہی تلگودیشم پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اُنھوں نے (چندرابابو نائیڈو نے) انھیں (ٹی جی وینکٹیش اور ای پرتاپ ریڈی کو) پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی لہذا اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے ہم تمام (ٹی جی وینکٹیش، ای پرتاپ ریڈی و دیگر قائدین) آج پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ اس موقع پر مسٹر ٹی جی وینکٹیش نے واضح طور پر کہاکہ سابق میں وہ مسٹر نائیڈو کے ہاں سیاسی تربیت حاصل کرنے کی وجہ سے ہی گزشتہ عرصہ کے دوران اچھے کام و اقدامات کرسکے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ وہ سیما آندھرا میں تلگودیشم پارٹی کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے اور سیما آندھرا کی ترقی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہی تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کو اولین ترجیح دی کیونکہ سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی کی وجود بھی برقرار رہنے کا کوئی امکان نہیں پایا جاتا۔ مسٹر ای پرتاپ ریڈی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم سے سیما آندھرا کو ہونے والے نقصانات سے متعدد مرتبہ کانگریس ہائی کمان کو واقف کروانے کے باوجود کانگریس ہائی کمان نے آمرانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلہ کیا اور سیما آندھرا عوام کے ساتھ دھوکہ کیا۔