آندھرا پردیش کے کسانوں کو وعدے کے مطابق قرضہ جات معاف کرنے کا مطالبہ

صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی کا چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو مکتوب

حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر وائی ایس آر کانگریس کمیٹی مسٹر جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے وعدے کے مطابق کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بحیثیت چیف مسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کل حلف لیا ۔ جس کے دوسرے دن صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے نائیڈو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر بھروسہ کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے عوام نے تلگو دیشم پارٹی کو اقتدار سونپا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے حلف لیتے ہی 5 فائیلوں پر دستخط کیے ہیں جس میں قرض معافی سے متعلق فائیل بھی شامل ہے ۔ وقت اب مزید ضائع کرنا نہیں ہے اور نا ہی دستخط کرنے سے کچھ فائدہ ہونے والا ہے کیوں کہ ماہ جون کے دو ہفتے سے کسانوں کو قرض نہیں ملا ہے جس سے نا صرف کسان پریشان ہیں بلکہ ان میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ ایسے نازک موقع پر کسانوں کا ساتھ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی سیما آندھرا میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ عوامی مسائل کو اچھے ڈھنگ سے ایوان میں پیش کیا جائے گا ۔ اس کو حل کرنے کے لیے چیف منسٹر پر دباؤ ڈالا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جس دن قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ،اسی دن سے بنکرس کسانوں کو نئے قرضہ جات جاری کریں گے ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی نے صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر زور دیا کہ وہ منشور کے تمام وعدوں کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے جلد از جلد اقدامات کریں ۔ عوام اور کسانوں کو راحت فراہم کریں ورنہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی عوامی احتجاج کا آغاز کرے گی ۔۔