آندھرا پردیش کے عازمین حج کی 11اگسٹ سے روانگی، 9 اضلاع حیدرآباد سے اور 2 اضلاع کے عازمین کی بنگلور سے فلائٹ: مومن احمد حسین

حیدرآباد۔/21جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا 11 اگسٹ سے آغاز ہوگا۔ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ سے 11اگسٹ کی صبح 11 بجے 300 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی ایر لائنس کی فلائیٹ سے جدہ روانہ ہوگا۔ آندھرا پردیش کے 13 اضلاع سے 2371 عازمین حج جاریہ سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ صدرنشین آندھرا پردیش حج کمیٹی مومن احمد حسین کے مطابق مشرقی گوداوری سے 39 ، گنٹور 396 ، کڑپہ 258 ، کرشنا 198، کرنول 465 ، نیلور 139، پرکاشم 75 ، سریکاکلم 3، وشاکھاپٹنم 107، وجیا نگرم 21 اور مشرقی گوداوری سے 37 عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔16 اگسٹ تک آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کا عمل مکمل ہوجائیگا۔ اننت پور کے 350 اور چتور کے283 عازمین حج 14 اگسٹ کو بنگلور سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گے۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی کا اجلاس وجئے واڑہ مومن احمد حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حج انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وجئے واڑہ سے عازمین حج کو خصوصی بسوں کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو وجئے واڑہ سے عازمین حج کے قافلوں کی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اگسٹ کو تملا پلی سے قافلوں کی روانگی عمل میں آئے گی۔ چیف منسٹر کے اس پروگرام کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین حج 9 اگسٹ کو روانگی سے قبل اپنا لگیج محفوظ کرادیں۔ یہ قافلے حیدرآباد میں حج ہاوز پہنچیں گے جہاں حج کیمپ میں ان کا قیام رہے گا۔ بنگلور اور حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ پہنچنے کے بعد عازمین حج کو اپنے تمام دستاویزات ساتھ رکھنے چاہیئے تاکہ انہیں کوئی دشواری نہ ہو۔ 22 کیلو گرام کے 2 سوٹ کیس اور ہینڈ کیاری کے طور پر 10 کیلو گرام لے جانے کی اجازت رہے گی۔ اجلاس میں گورنمنٹ وہپ اور رکن قانون ساز کونسل محمد احمد شریف اور دوسروں نے شرکت کی۔