حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ٹاملناڈو سے متصل آندھرا پردیش کے سرحدی جیسے چتور، نیلور اور دیگر اضلاع میں شدید بارش جاری ہے جس سے عام زندگی متاثر رہی۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور کئی مقامات پر موسلا دھار بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔ چتور، نیلور، اننت پور اور کڑپہ میں کل رات سے گزشتہ ماہ کے مقابل شدید بارش ہورہی ہے جس سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور املاک کو نقصان پہنچا، انسانی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔ بارش سے متعلق حادثات میں اب تک 35افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاستی وزیر کامنینی سرینواس نے ضلع نیلور کے بعض علاقوں کا دورہ کیا اور عہدیداروں کے ساتھ راحت اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ محکمہ موسمیات نے کل بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے 19نومبر کو ان علاقوں کا دورہ کیا تھا اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں بازآبادکاری کی کوششوں کیلئے مرکز سے 1000کروڑ روپئے کی فوری امداد کا مطالبہ کیا تھا۔
آندھرا پردیش سکریٹریٹ کا نئے دارالحکومت میں یکم جون سے آغاز
حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( پی ٹی آئی) حکومت آندھرا پردیش نے فیصلہ کیا ہے کہ وجئے واڑہ کے قریب نئے دارالحکومت سے ریاستی سکریٹریٹ کا یکم جون سے آغاز کیا جائے گا۔ سکریٹریٹ کے تمام محکمہ جات ، سربراہان محکمہ جات کو اطلاع دی گئی ہے کہ سکریٹریٹ اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس یکم جون 2016ء سے نئے دارالحکومت میں کام شروع کریں گے۔