آئی آئی آئی ٹی طلبہ سے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( آئی این این ) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج یہاں آر جی یو کے ٹی یونیورسٹی کی پہلی گریجویٹنگ کلاس کو مبارکباد دی ۔ آئی آئی آئی ٹی باسرا ، کڑپہ اور نوزویڈ کے دو ہزار طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش کے لیے ان کا ویژن ہے کہ اسے نالج سوسائٹی میں تبدیل کیا جائے اور اس کا معیار عالمی سطح کا ہو اور شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے ۔ حکومت آندھرا پردیش آئندہ پانچ سال میں الیکٹرانکس اور آئی ٹی انڈسٹری پر توجہ مرکوز کرے گی اور 5 لاکھ لوگوں کے لیے جابس کے مواقع پیدا کرے گی ۔ فنی تعلیم کو اہمیت دینے کی کوشش میں ایسے کالجس میں جہاں انڈر گریجویٹ کورسیس میں سافٹ ویر ، الیکٹرانکس اور کمپیوٹر سائنس ہو ، کورس کے آخری سال میں انٹرن شپ کو لازمی بنایا جائے گا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کے لیے ٹکنالوجی شعبہ میں ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ایک آئی ٹی پالیسی ، ایک الیکٹرانکس پالیسی اور ایک اختراعی پالیسی کی ضرورت ہے ۔ نئی آئی ٹی پالیسی میں میگا انفراسٹرکچر ، معیاری انسانی وسائل اور بہتر حکمرانی پر توجہ دی جائے گی ۔ حکومت آندھراپردیش نئی ریاست میں ٹاپ آئی ٹی فرمس اور بیرونی یونیورسٹیز کے اشتراک کے ساتھ آئی ٹی انسٹی ٹیوٹس کے قیام کی حوصلہ افزائی کرے گی اور اس میں مدد کرے گی ۔ انہوں نے طلبہ پر زور د یا کہ وہ صرف کلاس روم ٹیچنگ پر ہی توجہ نہ دیں بلکہ اختراعات کرنے کی صلاحیتیں اور مہارت پیداکریں ۔ طلبہ اگر ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور مہارت پیدا کرنے پر توجہ دیں تو ہندوستان عالمی معیارات تک پہنچ سکتا ہے اور چین اور امریکہ کے برابر اپنا مقام بنا سکتا ہے ۔۔