تلگو دیشم پارٹی کا ہر فیصلہ پر اٹل موقف ، چندرا بابو چیف منسٹر کا ادعا
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پر زور الفاظ میں کہا کہ وہ کسی بھی معاملہ میں جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں لیکن جب کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو وہ پھر پیچھے ہٹنے کے بھی عادی نہیں ہیں ۔ آج ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ دہلی میں مقیم ارکان پارلیمان تلگو دیشم پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نے سخت الفاظ میں کہا کہ وہ اپنے وقار اور پارٹی کے وقار کو متاثر کرنے والے کسی بھی نوعیت کے اقدامات کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے ارکان پارلیمان کو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ خفیہ طور پر کسی سے بات چیت نہ کریں کیوں کہ جانے انجانے میں کچھ کہہ دیں تو غلطی ہی تصور ہوگی جب کہ ریاست کے ساتھ انصاف اور خصوصی موقف کے حصول کا مسئلہ ریاست کے پانچ کروڑ عوام سے جڑا ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کئی ایک بحرانوں کا بہتر انداز میں نمٹا اور کامیابی حاصل کی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے یاد دلایا کہ سرکاریہ کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری تلگو دیشم نے ہی کروائی تھی یہاں تک مرکز اور ریاستوں کے تعلقات کا احیاء عمل میں لانے کے لیے بھی تلگو دیشم نے ہی اپنا اہم رول ادا کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی مفادات کے مسئلہ پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے قدم پیچھے نہیں ڈالا جائے گا ۔ چیف منسٹر ارکان پارلیمان تلگو دیشم پارٹی کو ہدایت دی کہ وہ 6 اپریل تک سیاہ بیاچس لگائے رکھیں اور اپنے احتجاج کو مزید شدت کے ساتھ جاری رکھیں ۔۔