آندھرا پردیش کا یوم تاسیس 2 جون کو منانے کا فیصلہ

حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش کابینہ کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں نئی ریاست کی یوم تاسیس 2 جون کو منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پانچ گھنٹے طویل اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات مسٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ تمام اہل افراد کو وظیفے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی بہبودی اسکیمات کو آدھار سے مربوط کیا جائے گا۔ کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے والے لیکچررس کی ملازمت کو باقاعدہ بنانے کے سلسلے میں بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی اراضیات کی تجارتی اغراض کیلئے استعمال پر پابندی میں نرمی کے علاوہ دیگر کئی اُمور بھی زیربحث آئے۔ آندھرا پردیش میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کو فروغ دینے کیلئے 17 نومبر کو کارتیکاون مہا اتسو پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں ایک گھنٹے میں کئی ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ ویاٹ میں پائی جانے والی مالی بے قاعدگیوں کا تدارک بھی کیا جائے گا۔