آندھرا پردیش کا دارالحکومت سنگاپور سے بھی بہتر ہوگا

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی بھومی پوجا ، ریاست کی تقسیم کے طریقہ کار پر تنقید
گنٹور ۔ 6 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے عالمی معیار کا حامل دارالحکومت تعمیر کرنے کا وعدہ کیا ۔ آج کرشنا ندی کے کنارے ایک دیہات میں نئے ریاستی دارالحکومت کے لیے انہوں نے بھومی پوجا کی ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم کے لیے اختیار کردہ طریقہ کار پر اعتراض کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ معقولیت پسندی کے بغیر ریاست کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ یہ تقسیم عوامی مفاد میں نہیں بلکہ ذاتی فائدہ کے لیے کی گئی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حیدرآباد کو ترقی دینے کے لیے انہوں نے کافی محنت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑے اور نئے شہر کی تعمیر کا موقع فراہم ہوا ہے حالانکہ حقیقت میں یہ ایک بحران ہے ۔ تاہم اگر بحران کو ایک موقع تصور کیا جائے تو ہم دنیا میں کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ میرا مذاق اڑاتے ہیں لیکن وہ ایک ایسا دارالحکومت تعمیر کررہے ہیں جو صرف انتظامی دارالحکومت نہیں ہوگا ۔ آج ہم سنگاپور کے بارے میں بات کررہے ہیں ۔ سنگاپور کے لوگ کہتے ہیں کہ آپ کا امراوتی سنگاپور سے بھی بہتر ہوگا اور یہ سن کر انہیں خوشی کا احساس ہوتا ہے ۔ دارالحکومت کے لیے حکومت سنگاپور نے ماسٹر پلان تیار کیا ہے جہاں وسیع سڑکوں کا نیٹ ورک ہوگا اور بندرگاہوں کو آبی راستوں کے ذریعہ مربوط کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اکٹوبر میں وجئے دشمی کے موقع پر سنگ بنیاد تقریب منعقد کی جارہی ہے ۔ جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا جائے گا ۔ انہوں نے کسانوں اور مقامی عوام کی ستائش کی جنہوں نے دارالحکومت کے لیے اپنی اراضیات حوالہ کی ہیں ۔ مرکزی وزراء اشوک گجپتی راجو ، نرملا سیتارامن اور اسمبلی اسپیکر کے سیوا پرساد راؤ و دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ اس دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے لیڈر جگن موہن ریڈی کو مدعو کئے جانے کے طریقہ کار پر شدید اعتراض کیا ۔ ریاست کی اصل اپوزیشن پارٹی ہونے کے باوجود جگن کو لمحہ آخر میں ایک شخص کے ذریعہ مدعو کیا گیا ۔ پارٹی نے کہا کہ یہ طریقہ کار مراعات شکنی کے مترادف ہے اور اس اہم موقع کو صرف تلگو دیشم پارٹی کی تقریب میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔۔