آندھرا پردیش کابینہ میں توسیع ۔ 11 نئے چہروں کی شمولیت

پانچ وزرا کی کابینہ سے علیحدگی ۔ کسی بھی مسلم رکن کو نمائندگی نہیں دی گئی

حیدرآباد ۔ 2 ؍ اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش کابینہ میں ردوبدل اور توسیع بالاخر آج عمل میں آئی ۔ 11 نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیا گیا اور 5 وزراء کو کابینہ سے علحدہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر چندر ابابو نائیڈو نے اس مرتبہ بھی کسی مسلم رکن کو کابینہ میں شامل نہ کرکے ریاست کے مسلمانوں سے پھر صریحاً ناانصافی کی ۔ گذشتہ شب دیر گئے اچانک ریاست کے مسلمانوں کو خوش کرنے مسٹر چاند باشاہ (ضلع اننت پور) کو کابینہ میں شامل کرنے کا اشارہ دیا تھا ۔ تاہم صبح چندرابابونائیڈو نے اپنا ذہن تبدیل کرکے کسی مسلم رکن کو کابینہ میں شامل کرنے سے گریز کیا ۔ جبکہ آندھراپردیش میں مسلمان کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں ۔ ویلگا پوڈی میں سکریٹریٹ کے احاطہ میں منعقدہ حلف برداری تقریب کا مقررہ وقت کے مطابق آغاز ہوا ۔ چیف منسٹر کی موجودگی میں گورنر مسٹر ای ایل نرسمہن نے کابینہ میں شامل نئے وزراء کو عہدے و رازداری کا حلف دلایا ۔ گورنر نرسمہن نے سب سے پہلے صدر تلگودیشم آندھراپردیش و رکن اسمبلی ایچرلہ مسٹر کے کلا وینکٹ راؤ کو حلف برداری کے لئے مدعو کیا اور انہیں عہدے و رازداری کا حلف دلایا ۔ دوسرے نمبر پر چندرابابونائیڈو کے فرزند مسٹر نارا لوکیش نائیڈو کو حلف دلایا ۔ لوکیش نے حلف برداری کے فوری بعد گورنر مسٹر نرسمہن اور چیف منسٹر چندرابابونائیڈو( جو ان کے والد بھی ہیں ) کے پیر چھو کر آشیرواد لیا ۔ گورنر نے مسٹر ستیہ نارائینا (رکن اسمبلی اچنتہ) این آنند بابو (رکن اسمبلی یمور) مسٹر سومی ریڈی چندرا موہن ریڈی (ایم ایل سی) آر وی سوجیہ کرشنا رنگاراؤ (رکن اسمبلی وجئے نگرم) کے سرینواسلو (رکن اسمبلی اننت پور ) آدی نارائن ریڈی( رکن اسمبلی جملامڈگو ضلع کڑپہ) کے سموئیل جواہر (رکن اسمبلی کرورو) این امرناتھ ریڈی ‘ رکن اسمبلی پلمنیرو (ضلع چتور) کے بعد کابینی وزراء میں انتہائی کم عمر رکن اسمبلی الاہ گڈہ (ضلع کرنول) بھوما اکھیلا پریہ نے کو سب سے آخر میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے کابینی وزیر کی حیثیت سے عہدے و رازداری کا حلف دلایا ۔ کابینہ میں شامل کئے گئے تقریباً وزراء نے چیف منسٹر این چندرابابونائیڈو کے پیر چھو کر آشیرواد حاصل کئے اور ان نئے وزراء نے انہیں کابینہ میں شامل کئے جانے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چندرابابونائیڈو سے اظہار تشکر بھی کیا ۔