آندھرا پردیش و تلنگانہ کے عازمین حج کے فلائیٹ شیڈول

13 اگست سے آغاز ، 10 دن تک 14 فلائٹس کا انتظام ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/22جون، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے حج 2017 کیلئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کے فلائیٹ شیڈول کو قطعیت دے دی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دونوں ریاستوں کے عازمین حج کی روانگی کا 13 اگسٹ سے آغاز ہوگا اور 22 اگسٹ تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ 10 دن کے دوران جملہ 14 فلائیٹس کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے 6300 عازمین حج حالت احرام میں جدہ روانہ ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق سعودی ایر لائنس کی جمبو فلائیٹ کے ذریعہ راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل سے ہر پرواز میں 450 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ 13 اگسٹ کی پہلی پرواز 9 بجے شب روانہ ہوگی۔ 14 اگسٹ کو دوسری پرواز دوپہر ایک بجے دن روانہ ہوگی۔ 15 اگسٹ کو 2 پروازیں رہیں گی۔ پہلی فلائیٹ 5 بجے صبح اور دوسری 9 بجے شب روانہ ہوگی۔16 اگسٹ کو دوپہر ایک بجے دن فلائیٹ مقرر رہے گی۔ 17 اگسٹ کو 2 پروازیں رہیں گی جو صبح 5 بجے اور 9 بجے شب ہوں گی۔ 18 اگسٹ کو عازمین حج کا قافلہ دوپہر ایک بجے دن پرواز کرے گا۔ 19اگسٹ کو صبح 5 بجے اور 9 بجے شب دو پروازیں روانہ ہوں گی۔ 20 اگسٹ کو دوپہر ایک بجے دن، 21 اگسٹ کو صبح 5 بجے اور 9 بجے شب دو پروازیں روانہ ہوں گی۔ عازمین حج کا آخری قافلہ 22 اگسٹ کو ایک بجے دن روانہ ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ کرناٹک کے بعض عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی۔ ہر فلائیٹ میں 2 خادم الحجاج روانہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمین کی پروازیں دوسرے مرحلہ میں عمل میں آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کی واپسی کا مدینہ منورہ سے 20 ستمبر سے آغاز ہوگا اور 29 ستمبر کو آخری قافلہ حیدرآباد پہنچے گا۔ جس ترتیب سے عازمین کی روانگی واپسی بھی اُسی ترتیب میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کا انفرادی شیڈول عنقریب جاری کردیا جائے گا جس کی اطلاع عازمین حج کو دے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے بعد عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ حیدرآباد اور اضلاع میں ان کیمپس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق تلنگانہ حج کمیٹی اس بار بھی دونوں ریاستوں کے عازمین کیلئے انتظامات کرے گی۔ اس سلسلہ میں بہت جلد آندھرا پردیش اور تلنگانہ حج کمیٹیوں کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوگا۔