آندھرا پردیش نظم و نسق جون میں منتقل ہوجائیگا: چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد۔/7جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج واضح طور پر کہا کہ آئندہ ماہ جون سے ریاست آندھرا پردیش کا نظم و نسق آندھرا پردیش ریاست سے ہی چلایا جائے گا۔ وزرائے آندھرا پردیش ضلع کلکٹروں اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ وجئے واڑہ میں منعقدہ ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ 13جنوری کو سنگاپور کی ایک ٹیم دوبارہ آندھرا پردیش کا دورہ کرے گی، اور اس دورہ کے دوران ہی آندھرا پردیش کی راجدھانی کیلئے ایک مسودہ ماسٹر پلان مرتب کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آندھرا پردیش ریاست میں صد فیصد آدھار اکاؤنٹس کو یقینی بنائیں تاکہ تمام سرکاری اسکیمات کو آدھار سے مربوط کرسکیں۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ عارضی راجدھانی کیلئے ایکشن پلان مرتب کیا جارہا ہے اور تمام دفاتر کو عارضی راجدھانی کے مقام سے کارکرد بنایا جائے گا۔انہوں نے پنشن کی فراہمی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی زبردست ستائش کی۔

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کیلئے گاڑیوں کا نیا قافلہ
حیدرآباد۔/7جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے گاڑیوں کے قافلہ کو تبدیل کرنے حکومت نے نئے گاڑیوں کے قافلہ میں نئی بلٹ پروف گاڑیوںکو شامل کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ نئی کانوائے میں 2 نئی پراڈو بلٹ پروف گاڑیوں کے ساتھ 6فارچونر گاڑیوں کو شامل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں حکومت کی جانب سے چار پراڈو گاڑیوں کا آرڈر دیا گیا تھا اور گزشتہ دنوں چار پراڈو (PRADO) گاڑیاں حکومت کو کمپنی سے حاصل ہوئیں جن کے منجملہ دو پراڈو بلٹ پروف گاڑیاں تلنگانہ حکومت رکھ لیکر مابقی دو گاڑیاں حکومت آندھرا پردیش کے حوالہ کی گئیں جس کی روشنی میں ان دو گاڑیوں کو چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی کانوائے میں شامل کیا گیا۔ یہ نئی کانوائے حیدرآباد کے لئے ہی رہے گی اور وجئے واڑہ کے لئے آئندہ دو تین یوم میں ایک اور نئی کانوائے تیار کی جائے گی۔