28 کیلو میٹر تک فائبر آپٹک کی تنصیب ، ٹنڈرس کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش ریاست کے 1600 گرام پنچایت کو وائی فائی سے مربوط کرنے کیلئے فائبر آپٹک کی تنصیب عمل میں لائیگی ۔ 28 کیلومیٹر کا احاطہ کرتے ہوئے 1600 گرام پنچایتوں پر محیط فائبر آپٹک کی تنصیب کیلئے حکومت آندھراپردیش کے پاور گریڈ کارپوریشن نے ٹنڈر وصول کرنے کا عمل بھی شروع کردیا ہے ۔ چیف منسٹرمسٹر این چندرابابو نائیڈو نے 2015 ء کے اختتام سے قبل ریاست آندھراپردیش کو فائبر آپٹک اور وائی فائی خدمات سے مربوط کرتے ہوئے تمام دیہی علاقوں تک انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس اعلان کے مطابق ریاست کے 1600 گرام پنچایت میں فائبر آپٹک کی تنصیب کے عمل کا آئندہ ماہ کے اوآخر میں آغاز متوقع ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے فائبر آپٹک نٹورک کی تنصیب کے سلسلے میں تمام اُمور کا جائزہ لینے کیلئے آندھراپردیش کے انفارمیشن ٹکنالوجی اڈوائیزر مسٹر جے ستیہ نارائنا کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیںجوکہ ٹنڈر موصول ہونے کے بعد فائبر آپٹک و وائی فائی کی تنصیب کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ٹنڈرس کو قطعیت دیں گے ۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو جو کہ ابتداء سے ہی ٹکنالوجی کے حامی اور فروغ کے لئے جانے جاتے ہیں اور حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے دور کا آغاز اُنہی کے دور اقتدار میں ہوا تھا ، مسٹر نائیڈو نے ریاست آندھراپردیش میں کاغذ کے بغیر حکومت کے عمل کو روشناس کرواتے ہوئے سب سے پہلے کابینہ کے اجلاس میں فائیلوں کی جگہ آئی پیاڈ کے استعمال کے ذریعہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے فروغ کے عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش منقسم ریاست آندھراپردیش کے ہر گاؤں تک انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ ای ہیلتھ ، ای ایجوکیشن ، ای گورننس کے علاوہ دیگر 30 مختلف خدمات بذریعہ انٹرنیٹ عوام تک پہنچانے کا منصوبہ تیار کئے ہوئے ہیں۔ حکومت آندھراپردیش کے منصوبہ کے مطابق ریاست کے ہر دیہی علاقہ میں فائبر آپٹک کی تنصیب کے ذریعہ انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کو راغب کرنے کی کوششیں چونکہ وائی فائی ، فائبر آپٹک اور انٹرنیٹ جیسی سہولتیں آئی ٹی کمپنیوں کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں۔ حکومت آندھراپردیش نے ریاست کے دیہی علاقوں میں بی پی او مراکز کے قیام کے علاوہ کال سنٹرس وغیرہ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہوا ہے ۔ حکومت کی جانب سے شہریوں کو خدمات کے ساتھ ساتھ مفت انٹرنیٹ کے ذریعہ ٹکنالوجی اور عصر حاضر سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔