حیدرآباد /26 جون ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے 11 ویں پے ریویژن کمیشن کے قیام کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فینانس مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاستی حکومت سرکاری ملازمین کے سلسلہ میں انتہائی ہمدردانہ رویہ رکھتی ہے اور موافق ملازمین اقدامات کئے جارہے ہیں اور سی ایف ایم ایس سسٹم کے ذریعہ تمام ریاستی ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ہی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ وزیر فینانس آندھراپردیش نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت مختلف محکمہ جات کی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے کے مقصد سے محکمہ جات میں ہی مسابقتی جذبہ پیدا کیا جارہا ہے ۔ اس طرح محکمہ جات کی کارکردگی سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے رینک دئے جارہے ہیں ۔ وزیر فینانس نے مزید کہا کہ ایس ڈی ایف کے فنڈز کو بہتر انداز میں خرچ نہ کئے جانے پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ عہدیداروں کی کارکردگی کی اساس پر اسی مطابقت سے پوسٹنگ ( تعیناتی ) دی جارہی ہیں ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ دو عددی مالیاتی ترقی حاصل کرنے والی ریاست صرف اور صرف آندھراپردیش ہی ہے ۔