آندھرا پردیش میں کمزور طبقات کے لیے خصوصی پیاکیج

گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر ، ڈی نریندر کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش میں تلگو دیشم پارٹی کی زیر قیادت ریاستی حکومت کمزور پسماندہ طبقات کے لیے خصوصی پیاکیج فراہم کرے گی ۔ آج یہاں ایوان میں گورنر کے خطبہ پر پیش کردہ تحریک تشکر پر اپنی بحث کا آغاز کرتے ہوئے سینئیر قائد و رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی مسٹر ڈی نریندر کمار نے اس بات کا اظہار کیا اور بتایا کہ کسی بھی طبقہ کو نقصان پہونچائے بغیر کاپو طبقہ کو پسماندہ طبقات میں شامل کرنے کے مسئلہ پر علحدہ کمیشن تشکیل دیا جائے گا تاکہ اس کمیشن کے ذریعہ حاصل ہونے والی رپورٹ کی روشنی میں موثر اقدامات کئے جاسکیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی روزگار طمانیت کو زرعی شعبہ سے مربوط کیا جائے گا اور سوجلا سراونتی اسکیم سے منرل واٹر اسکیم کو شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے زرعی قرضوں کی معافی کے تعلق سے کوٹیا کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد حکومت کوئی قطعی فیصلہ کرے گی ۔ جب کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈؤ کسانوں سے قرضوں کی وصولی نہ کرنے کی بینکرس کو سخت ہدایات دے چکے ہیں ۔ مسٹر ڈی نریندر کمار نے کہا کہ ریاست کی تعمیر نو کے لیے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے لیے بھر پور تعاون کرنے اپیل کی ۔۔