چیف الیکٹورل آفیسر کی نگرانی میں عہدیداروں کے تربیتی پروگرام
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں 23 مئی کو اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کی ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر متعلقہ عہدیداروں کو گنتی کے قواعد و ضوابط سے واقف کروانے ٹریننگ پروگرامس منظم کئے جارہے ہیں۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر گوپال کرشنا دیویدی کی صدارت میں ضلعی عہدیداروں کیلئے ٹریننگ پروگرام منظم کیا گیا۔ پروگرام میں ضلع کلکٹرس، جوائنٹ کلکٹرس، رٹرننگ آفیسرس، اسٹنٹ رٹرننگ آفیسرس و دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ گوپال کرشنا دیویدی نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی سے متعلق عہدیداروں کو مناسب انداز میں ٹریننگ دینا ضروری ہے جبکہ ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس ضلع کلکٹر کی صدارت میں دیگر عہدیداروں و اسٹاف ارکان کو ووٹوں کی گنتی کے طریقہ کار سے واقف کرواتے ہوئے ٹریننگ پروگرام دیں گے۔ انہوں نے تمام ضلع کلکٹروں و ریٹرننگ آفیسروں کو ہدایت دی کہ صرف 24 گھنٹے قبل ووٹوں کی گنتی کیلئے تعینات کئے جانے والے عہدیداروں و اسٹاف کو حلقوں سے متعلق واقف کریں تاکہ شفافیت، غیر جانبداری کے ساتھ ووٹوں کی گنتی کو یقینی بنایا جاسکے۔ دیویدی نے مشورہ دیا کہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران ہر راؤنڈ کی گنتی مکمل ہونے پر اس کے نتیجہ سے امیدواروں کے کاؤنٹنگ ایجنٹس کو واقف کروا کر نتیجہ کی فہرست پر دستخط ضرور حاصل کریں۔ علاوہ ازیں صرف مبصرین کو فون ساتھ لیجانے کی اجازت دی جائیگی اور کسی کو سل فون کاؤنٹنگ ہال میں لیجانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ اُنھوں نے اسٹرانگ رومس ٹہں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے غیر محفوظ پائے جانے کی شکایات کو مسترد کردیا۔