آندھرا پردیش میں سیلاب کی صورت حال

ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی کئی ٹرین خدمات منسوخ
حیدرآباد۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں بھی شدید بارش اور سیلاب جیسی صورتِ حال کے باعث ساؤتھ سنٹرل ریلوے (ایس سی آر) کے تحت پڈگورالہ ۔ ستیناپلی ریلوے لائن کے پانچ علاقوں میں ریلوے پٹریاں پانی میں بہہ گئیں جس کے باعث حیدرآباد۔ سکندرآباد۔ کاچی گوڑہ سے گزرنے والی 20 ٹرینوں کی آمدورفت کو منسوخ کردیا گیا۔ ایس سی آر نے یہ بات بتائی۔ جو ٹرینس منسوخ کی گئیں ان میں 12 ایکسپریس ٹرینس کے علاوہ ماباقی ماچرلہ سے گزرنے والی مختلف پیاسنجر ٹرینس شامل ہیں جبکہ 27 ٹرینوں کے راستے تبدیل کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں حیدرآباد۔ سکندرآباد سے پڈگورالہ ۔ ستیناپلی کے مابین چلنے والی 7 ایکسپریس ٹرینوں کو جاریہ ماہ 27 ستمبر تک منسوخ کردیا گیا۔ بارش سے متاثرہ اس ٹرین کو بحال کرنے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرکے ٹرین سرویس کو بحال کرنے کوشش جاری ہے۔ جنرل مینیجر ایس سی آر رویندر گپتا کی نگرانی میں مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔