چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا دورۂ جاپان، یادداشت مفاہمتیں بھی ہوں گے
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں صنعتوں کو فروغ دینے اور نئی صنعتوں کے قیام کو یقینی بنانے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دینے کے مقصد سے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ایک وفد کے ہمراہ 23 نومبر کو جاپان کے دورہ پر روانہ ہوں گے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش کے ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کا جاپان کا یہ دورہ 29 نومبر تک جاری رہے گا اور وہ اپنے ایک ہفتہ طویل بیرونی ملک دورہ کے بعد 30 نومبر کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ مسٹر نائیڈو نے محض آندھرا پردیش کی تیز رفتار ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بیرونی ممالک بالخصوص جاپان جیسے ترقی یافتہ ملک کا دورہ کرنے کو اولین ترجیح دی ہے۔ ان کے ہمراہ ریاستی وزراء، ارکان پارلیمان اور اعلیٰ عہدیدار بھی ہوں گے۔ چیف منسٹر کی زیرقیادت وفد جاپان میں اپنے چھ روزہ دورہ کے دوران جاپان میں اہم شخصیتوں بشمول ممتاز صنعت کاروں سے ملاقات کرکے ان سے آندھرا پردیش میں صنعتوں کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے اور سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے تاکہ ریاست کی راجدھانی تعمیر ہونے تک ممکنہ طور پر سرمایہ کاری سے متعلق معاہدات کو قطعیت دینے اور یادداشت مفاہمتوں پر دستخط کرنے وغیرہ کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرسکیں۔