کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر عمل کرنے کا عزم ، تلسی ریڈی نائب صدر اے پی پی سی سی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست میں آئندہ سال منعقد شدنی عام انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ کسی انتخابی مفاہمت کے سلسلہ میں ابھی تک کوئی بات چیت نہیں کی ہے ۔ تاہم پارٹی ہائی کمان کے فیصلہ و ہدایات کی روشنی میں ممکن ہے کہ کانگریس پارٹی و تلگو دیشم مل کر کام کریں گے ۔ سینئیر قائد و نائب صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این تلسی ریڈی نے یہ بات کہی اور بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ قانون تقسیم ریاست میں شامل امور اور دئیے گئے تیقنات کو بی جے پی حکومت نے عمداً روبہ عمل لانے سے گریز کر کے آندھرا پردیش کے ساتھ نہ صرف مکمل طور پر نا انصافی اور زیادتی کی ہے نائب صدر ریاستی کانگریس کمیٹی نے ضلع کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری کے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومت آندھرا پردیش کے اقدام کی ستائش کی ۔ بہر صورت ملک کے عوام کی کانگریس پارٹی کو بھر پور تائید و حمایت حاصل ہونے کے نتیجہ میں کانگریس زیر قیادت مرکزی حکومت کی تشکیل یقینی ہے ۔ مسٹر تلسی ریڈی نے وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ محض نریندر مودی کی وجہ سے ملک کے جمہوری ڈھانچہ کو زبردست نقصان پہونچنے کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے ۔۔