آندھرا پردیش میں برقی کمی پوری طرح دور ہونے کا دعویٰ

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : صفر برقی کمی کے حصول کا ادعا کرتے ہوئے حکومت آندھرا پردیش نے 2 اکٹوبر سے تمام گھریلو ، کمرشیل اور صنعتی صارفین کو 24×7 برقی سربراہی کرنے کے لیے آج ایک پلان کا اعلان کیا ۔ جب کہ اس کا منصوبہ آئندہ پانچ برسوں میں 6100mw سے زائد برقی پیداوار کرنے کا ہے ۔ اے پی کابینہ نے ، جس کا آج یہاں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ آئندہ پانچ سال میں 4400mw تھرمل پاور کی پیداوار اور 400mw ہائیڈرو پاور کی پیداوار کے پروگرام کو منظوری دے دی ۔ اس کے علاوہ حکومت ریاست کے اضلاع اننت پورم اور گنٹور میں دو سولار پارکس کو فروغ دیتے ہوئے 1300mw شمسی توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ آندھرا پردیش کے وزیر اطلاعات و تعلقات پی رگھوناتھ ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ زرعی شعبہ کو اب روزانہ سات گھنٹے بلا رکاوٹ برقی سربراہ کی جائے گی ۔ اور بعد میں اس میں اضافہ کرتے ہوئے نو گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی ۔ رگھوناتھ ریڈی نے کہا کہ 8 جون کو جب ہماری حکومت نے اقتدار حاصل کیا تو اس وقت ریاست روزانہ 22 ملین یونٹس برقی کمی کے مسئلہ سے دوچار تھی ۔ لیکن آج برقی کمی پوری طرح دور ہوگئی ہے اور یہ صفر ہوگئی ہے ۔ کیوں کہ ہم نے این ٹی پی سی ، سمہاپوری ، کرشنا پٹنم یونٹس اور دیگر ریاستوں سے بھی زائد برقی حاصل کی ۔ 2 اکٹوبر سے ریاست میں 24×7 برقی سربراہی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 2551 بستیاں ایسی ہیں جہاں برقی کی سہولت نہیں ہے آئندہ پانچ سال میں وہاں برقی فراہم کی جائے گی ۔۔