آندھرا پردیش میں برقی شعبہ میں سرمایہ کاروں کو مراعات

ریاست کو برقی پیداوار میںخود مکتفی بنانا مقصد : دہلی میں چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
نئی دہلی 15 فبروری ( آئی این این ) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گرین انرجی شعبہ میں سرمایہ کاروں کو کئی مراعات ‘ تیز رفتار منظوریوں اور اس شعبہ کے پراجیکٹس کی اسکیمات پر بلا رکاوٹ عمل آوری کا تیقن دیا ۔ مرکزی وزارت توانائی کی جانب سے منعقدہ قابل تجدید توانائی عالمی سرمایہ کار میٹ اینڈ ایکسپو سے یہاں خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ وہ آئندہ پانچ سال میں آندھرا پردیش اور ہندوستان کو فاضل برقی رکھنے والی ریاست اور ملک بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور یہ ان کا مصمم ارادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں ایک وسیع اراضی بینک ‘ جذبہ سے سرشار بیورو کریسی اور سیاسی حوصلہ کا ایک ہی مقصد ہے کہ سرمایہ کاروں کیلئے سنگل ونڈو منظوریاں ہوسکیں اور انہیں ہر طرح کی رکاوٹوں اور تاخیر سے استثنی دیا جائے ۔ انہو ںسنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے میک ان انڈیا کا جو نعرہ دیا ہے وہ اسے میڈ ان آندھرا پردیش کے نعرہ کے ذریعہ پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ریاست میں سبز توانائی ماحول فراہم کرنے اپنی حکومت کے منصوبوں اور عزائم کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہائیبریڈ توانائی پالیسی بشمول سولار اور ونڈ پاور جنریشن کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ سرمایہ کار اس شعبہ میں اپنے پراجیکٹس کیلئے ڈسکامس اور ریاستی حکومت کے ساتھ سہ رخی معاہدے کرسکتے ہیں اور وہ قیمتوں کا تعین کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 13.5 لاکھ سولار پمپ سیٹس قائم کرنے کاروباری ماڈل کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ ایل ای ڈی بلبس کے ذریعہ غیر ایل ای ڈی اشیا کو بدلا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت ٹرانسمیشن شعبہ میں 8.5 بلین روپئے کی اور سولار پاور شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو تیقن دیا کہ سولار پاور تیار کرنے والوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آندھرا پردیش ریاست کی ترقی میں برقی شعبہ کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے ۔ آئندہ چار تا پانچ سال میں ریاست کو فاضل برقی رکھنے والی ریاست بنایا جائیگا ۔ مرکزی وزیر توانائی مسٹر پیوش گوئل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملک ایک مقررہ وقت میں برقی کی پیداوار کے نشانوں کی تکمیل کرلیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس کام کو یقینی بنانے میں ریاستی حکومتوں کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ سب مل کر کوشش کریں تو ناکامی نہیں ہوسکتی ۔ مسٹر گوئل نے کہا کہ وعدہ کے مطابق کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ اس سے ملک کو زبردست فائدہ ہوگا ۔ ملک کو مالیہ حاصل ہوگا اور برقی کے شعبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ انہوں نے مسٹر نائیلاو کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا کہ کوئلہ الاٹمنٹس کو قابل تجدید توانائی کے وسائل سے مربوط کیا جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسری ریاستیں بھی اس عمل کی تقلید کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں منصوبوں پر عمل آوری میں حکومت آندھرا پردیش ‘ مرکزی حکومت سے بھی آگے ہے۔