آندھرا پردیش میں ایمسیٹ 2015 ، آئندہ ماہ مقرر

حیدرآباد میں 30 تا 40 مراکز ، جی سرینواس راؤ وزیر فروغ انسانی وسائل کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے انجینئرنگ و میڈیکل کالجوں میں داخلوں سے متعلق منعقد کئے جانے والے ’ ایمسیٹ اے پی 2015 ‘ کے لیے شہر حیدرآباد میں طلباء کی سہولت کے لیے 30 تا 40 امتحانی مراکز بنائے جارہے ہیں ۔ جب کہ ایمسیٹ 8 مئی کو منعقد ہوگا اور اس کے نتائج بھی 26 مئی تک جاری کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت آندھرا پردیش ریاست میں بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ آندھرا پردیش میں بہت جلد کسی موزوں مقام پر ’ ایجوکیشن سٹی ‘ کا قیام عمل میں لانے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور اس ایجوکیشن سٹی کے لیے تروپتی ، وجئے واڑہ اور وشاکھا پٹنم میں 1000 یا 2000 ایکڑ اراضیات کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مسٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں ریاست آندھرا پردیش کو ’ ورلڈ ایجوکیشن ھب ‘ بنانے کے ایک حصہ کے طور پر ہی ایجوکیشن سٹی کا نظریہ اس کا اہم مقصد ہے ۔ علاوہ ازیں حکومت ایشیاء فاونڈیشن کو 400 ایکڑ جنگلاتی اراضی ڈینوئیفاسیڈ کر کے عالمی سطح کے تعلیمی ادارے قائم کرنے کے لیے دی جارہی ہے ۔ جب کہ مرکزی حکومت کی جانب سے دئیے گئے تیقنات کی روشنی میں آئی آئی ٹی ، آئی آئی ایم و دیگر تعلیمی اداروں کے لیے سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے کہا کہ ٹرائیبل یونیورسٹی نٹ مرکز اور مرکزی ( سنٹرل ) یونیورسٹی ، آئی آئی آئی ٹی کے لیے اراضیات کا حصول مکمل کرلیا گیا ۔ اس طرح ان تعلیمی اداروں میں نئے تعلیمی سال سے داخلے شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں چلائے جانے والے انجینئرنگ کالجس کو گریڈنگس دئیے جائیں گے ۔۔