آندھرا پردیش میں انتظامی تبدیلیوں کی ابتداء

چیف منسٹر کے دفتر کے چار سینئر عہدیداروں کے تبادلے
حیدرآباد۔30 مئی (سیاست نیوز) ریاستی نظم و نسق پر مکمل گرفت حاصل کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر عہدہ کا حلف لینے کے فوری بعد وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر س آفس کے بعض ذمہ دار عہدیداروں کے فوری تبادلے کرنے کی چیف سیکریٹری ایل وی سبرامنیم کو ہدایات دیں اور اس طرح اپنے اقدامات کا آغاز کردیا۔ ان ہدایات کی روشنی میں چیف منسٹر آفس کے اہم ترین عہدوں پر فائز 4 اعلیٰ عہدیداروں کا تبادلہ کرنے چیف سیکریٹری نے احکامات جاری کئے۔ تبادلہ کئے گئے عہدیداروں میں اسپیشل چیف سیکریٹری برائے سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو، ستیش چندرا، پرنسپال سیکریٹری برائے چیف منسٹر سائی پرساد، سیکریٹریز برائے چیف منسٹر گریجا شنکر اور اے راجہ مولی شامل ہیں۔ ایل وی سبرامنیم نے اپنے احکامات میں ان متبدلہ عہدیداروں کو محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن (جے اے ڈی) میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ علاوہ ازیں نئے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کے ایڈیشنل سیکریٹری کی حیثیت سے موجودہ مینیجنگ ڈائرکٹر ریاستی محکمہ ٹورازم دھنجئے ریڈی کو تعینات کیا گیا۔ اس سلسلے میں بھی چیف سیکریٹری نے احکامات جاری کئے۔