آندھرا پردیش میں اساتذہ کی بھرتی کے لیے ٹیٹ کی تجویز

حکومت سے جلد فیصلہ متوقع ، سندھیا رانی کا بیان
حیدرآباد ۔ /18 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم حکومت آندھراپردیش شریمتی کے سندھیا رانی نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ امیدوار ڈی ایس سی کیلئے اہلیت حاصل کرنے کے مقصد سے ایک اور ٹیٹ (ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ) منعقد کرنے کی تجویز حکومت کو پیش کی گئی ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت ٹیٹ کے انعقاد سے متعلق تجویز پر بہت جلد فیصلہ کرے گی جبکہ این سی ٹی ای آرقواعد کے مطابق ہر سال دو مرتبہ ٹیٹ منعقد کرنے کی گنجائش پائی جاتی ہے ۔ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم نے کہا کہ ٹیٹ کے انعقاد اور ڈی ایس سی و دیگر امور کے تعلق سے امیدواروں کو کسی تشویش میں مبتلا ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے ۔ ٹیٹ 2017 ء کے انعقاد کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیٹ 2017 ء کا انتہائی شفافیت کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ جملہ (4,14,120) امیدواروں نے آن لائین ٹیٹ میں شرکت کی ۔ جن کے منجملہ (2604) امیدواروں کی جانب سے مناسب انداز میں شکایات موصول ہوئی تھیں ۔ جبکہ بعض پیدا شدہ فنی مسائل کو دور کرنے کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی اور اس کمیٹی کے فیصلہ کی بنیاد پر نتائج کا اعلان کیا جائے ۔