حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس میں درمیانی افراد کے طریقہ کار کا مکمل تدارک کرنے کیلئے ’ آن لائن رجسٹریشن سسٹم ‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس سسٹم کا ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی اور وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر پی رگھوناتھ ریڈی نے افتتاح کیا اور بتایا کہ آئندہ سے ( یعنی افتتاح کے بعد سے ) اسٹامپ ڈیوٹی آن لائن ہی داخل کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں آن لائن کے ذریعہ ہی ہندو طبقہ کی شادیوں کے رجسٹریشن کروانے سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر ( ریونیو ) ریاست آندھرا پردیش مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی کمپیوٹر کے ذریعہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر مکمل معلومات حاصل کرنے جیسی سہولتیں فراہم کرنے اور ڈاٹا انٹری کرلینے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔