آندھرا پردیش سرکاری ملازمین کے گرانی الاونس میں 3 فیصد اضافہ

حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : حکومت آندھرا پردیش نے اپنی ریاست کے سرکاری ملازمین کے لیے 3.144 فیصد گرانی الاونس میں اضافہ کرتے ہوئے احکامات جاری کیے اور ان اضافوں پر ماہ جنوری 2016 سے اطلاق ہوگا ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گرانی الاونس کے بقایا جات کو ماہ مارچ تک ملازمین کے ’ ای پی ایف ‘ ( ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ ) کے کھاتے میں جمع کیے جائیں گے اور ماہ اپریل سے راست ملازمین کی تنخواہوں کے ذریعہ ادائیگی عمل میں آئے گی ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ سرکاری ملازمین آندھرا پردیش کے گرانی الاونس میں اضافہ کی وجہ سے ریاستی خزانہ پر ماہانہ 8.64 کروڑ روپیوں کا زائد مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ گذشتہ ماہ جنوری یعنی 2016 سے ریاستی سرکاری ملازمین گرانی الاونس میں اضافہ کے منتظر تھے اور اب حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے ملازمین کے گرانی الاونس میں اضافہ کرنے کے اعلان پر تمام ملازمین میں زبردست مسرت پائی جاتی ہے اور گرانی الاونس میں اضافہ کے اعلان پر صدر آندھرا پردیش ریونیو سروسیس اسوسی ایشن مسٹر بی وینکٹیشورلو نے حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کیا ۔۔