آندھرا پردیش ریاست میں علحدہ انٹرمیڈیٹ امتحانات

تمام کوششوں کی ناکامی کے بعد حکومت کا فیصلہ ، جی سرینواس کا اعلان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( پی ٹی آئی ) : حکومت آندھرا پردیش نے کافی تجسس کے بعد بالآخر علحدہ طور پر 11 مارچ 2015 سے انٹر میڈیٹ امتحانات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس میں تلنگانہ ریاست یا حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں رہے گا ۔ حکومت نے بتایا کہ آندھرا پردیش نے حتی المقدور تلنگانہ کے ساتھ مشترکہ امتحانات رکھنے کی بھر پور مساعی کی لیکن یہ کوشش ناکام رہی ۔ اس ضمن میں تلنگانہ ریاست کے وزیر تعلیم اور دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے درمیان بھی بات چیت کی گئی اور آخر کار اس مسئلہ کو گورنر کے روبرو بھی پیش کیا گیا تھا ۔ اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ مثبت نتیجہ نہیں نکل سکا جس کی وجہ سے حکومت آندھرا پردیش نے مارچ میں علحدہ طور پر انٹر میڈیٹ کے امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ کوئی متبادل راستہ نہیں تھا جس کے ساتھ ہی امتحانات کے انعقاد کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ مسٹر جی سرینواس راؤ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش نے بتایا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم جدید قانون میں یہ بات واضح ہے کہ دس سال تک مشترکہ طور پر کامن داخلہ امتحانات منعقد کئے جائیں ۔۔