حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے 4آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے ہیں۔ چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ نے آج احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر ڈی سامبا سیوا راؤ پرنسپال سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقی کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات محکمہ مال کے حوالے کی گئیں تاکہ انہیں ایکزیکیٹو آفیسر تروملا تروپتی دیواستھانم مقرر کیا جائے بجائے مسٹر این جی گوپال جنہیں تبادلہ کے بعد نئی پوسٹنگ کیلئے جی اے ڈی سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی۔ مسٹر اے گریدھر ( آئی اے ایس ) پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر کا تبادلہ کرتے ہوئے پرنسپال سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقی مقرر کیا گیا۔ مسٹر اجئے جین آئی اے ایس کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن کا تبادلہ کرتے ہوئے سکریٹری انرجی انفراسٹرکچر اینڈ انوسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ مقرر کیا گیا۔ مسٹر این گلزار ( آئی اے ایس ) نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر انفراسٹرکچر کارپوریشن آندھرا پردیش کا تبادلہ کردیا گیا۔ انہیں پوسٹنگ کیلئے جی اے ڈی سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسٹر اجئے جین کو منیجنگ ڈائرکٹر انفراسٹرکچر کارپوریشن کی زائد ذمہ داری دی گئی۔