ریاست کی قومی شاہراہوں پر احتجاج ، کئی جماعتوں کے قائدین و کارکنوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے اور ریاست کے ساتھ مکمل انصاف کرنے و تقسیم ریاست کے موقع پر دئے گئے تیقنات پر عمل آوری کرنے کے مطالبہ پر آج آندھرا پردیش میں پائی جانے والی تمام قومی شاہراہوں کا محاصرہ کرتے ہوئے ( شاہراہوں کو بند کرنے ) منظم کردہ احتجاج پرامن و کامیاب رہا ۔ اس قومی شاہراہوں کا محاصرہ کرنے کے منظم کردہ احتجاج میں بشمول تلگو دیشم پارٹی وائی ایس آر کانگریس پارٹی ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم و دیگر کئی ایک عوامی تنظیموں نے حصہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی شاہراہوں کا محاصرہ احتجاج پروگرام صبح 10 تا 12 بجے دوپہر تک منظم کیا گیا ۔ تاہم چند ایک مقامات پر پولیس و احتجاجیوں کے مابین بحث و تکرار کی وجہ سے صورتحال کچھ دیر کے لیے کشیدہ ہونے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ پرجا سنکلپ یاترا پروگرام کے تحت پدیاترا میں رہنے والے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی قومی شاہراہوں کا محاصرہ پروگرام کی تائید کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے ریاست کے پانچ کروڑ عوام کے مطالبہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاست آندھرا پردیش کے تقریبا تمام اضلاع سے گزرنے والی قومی شاہراہوں کا محاصرہ پروگرام زبردست کامیاب رہا ۔ اس پروگرام کے دوران پولیس نے احتجاجیوں کو گرفتار کرنے اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کئے ۔ کئی مقامات پر طویل فاصلہ تک ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات پیش آئیں ۔۔