آندھرا پردیش بند کی اپیل کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا

صدر وائی ایس آر کانگریس کے اعلان پر صدر اے پی تلگو دیشم کلا وینکٹ کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلگو دیشم پارٹی آندھرا پردیش و ریاستی وزیر مسٹر کلا وینکٹ راؤ نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے آندھرا پردیش بند کی اپیل کا ریاستی عوام پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا ۔ بلکہ عوام بند کی اس اپیل پر کوئی توجہ نہیں دیں گے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے 24 جولائی کو ریاست بند منظم کرنے کی کی گئی اپیل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر کلا وینکٹ راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کی اور کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی مرکزی بی جے پی حکومت کے ساتھ خفیہ ساز باز کرلینے کے بعد دریافت کیا کہ اب ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر جدوجہد کرنے پر کس طرح ریاست کے عوام وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر بھروسہ و یقین کریں گے ؟ انہوں نے جنا سینا پارٹی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان کے پاس سیاسی پالیسی ہی نہیں ہے بلکہ وہ کوئی سیاسی پالیسی سے بھی واقف نہیں ہیں ۔ انہوں نے ٹوئیٹر کے ذریعہ کچھ بھی کہہ دینے کا مضحکہ اڑایا اور کہا کہ سیاست میں من مانی انداز میں کچھ بھی کہہ دینے سے عوام پر اس کا اثر نہیں ہوگا بلکہ عملی اقدامات کا ہی عوام پر کبھی بھی مثبت ردعمل حاصل ہوتا ہے ۔ مسٹر کے وینکٹ راؤ نے واضح طور پر کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کے لیے خصوصی موقف فراہم کرنے اور تقسیم ریاست کے موقع پر دئیے گئے تیقنات پر عمل آوری کے مطالبہ پر تلگو دیشم پارٹی بہر صورت اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی اور خصوصی موقف فراہم ہونے تک تلگو دیشم پارٹی کسی بھی نوعیت کا ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔۔