زراعت ، فلاح و بہبود ، آبپاشی ، برقی پر اولین ترجیح : وزیر فینانس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : وزیر فینانس حکومت آندھرا پردیش مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں 20 اگست کو ریاستی ( آندھرا پردیش کا ) بجٹ پیش کیا جائے گا ۔ جب کہ ریاستی قانون ساز اسمبلی آندھرا پردیش کے بجٹ سیشن کا 18 اگست سے آغاز ہوگا ۔ آج یہاں ان سے ملاقات کرنے والے بعض صحیفہ نگاروں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے بتایا کہ پیش کئے جانے والے ریاستی بجٹ میں قرض رقومات کے لیے رقومات مختص کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ، فلاح و بہبود ، آبپاشی ، برقی شعبہ کو بجٹ میں اولین ترجیح و اہمیت دی جائے گی ۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے مزید کہا کہ 22 اگست کو علحدہ طور پر زراعت کا بجٹ پیش کئے جانے کی قوی توقع ہے اور ریاست آندھرا پردیش کے لیے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ سمنٹ کی قیمتوں میں کمی کے مسئلہ پر سمنٹ کمپنیوں کے مالکین کے ساتھ اجلاس طلب کر کے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ اور آئندہ دو دنوں میں سمنٹ کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے تجاویز پیش کرنے کی سمنٹ کمپنی مالکین ریاست آندھرا پردیش کو واضح ہدایات دی گئی ہیں ۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے بتایا کہ قانون ساز اسمبلی آندھرا پردیش کا بجٹ اجلاس بہتر انداز میں اور پرامن بنانے کے لیے اپوزیشن پارٹی سے بھی تعاون کی خواہش کی جائے گی ۔۔