عوامی مسائل کو اٹھانے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کا فیصلہ
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش لیجسلیچر اسمبلی کا مختصر سرمائی سیشن کل سے شروع ہورہا ہے جس میں کم از کم پانچ بلوں کو منظور کیا جائے گا، ان میں اہم ترین بل کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی بھی شامل ہے۔کسانوں کیلئے قرضے معاف کرنے کی اسکیم پر بھی ایوان میں بحث ہوگی۔ حکومت اس سلسلہ میں اپنے طور پر بیان دے گی۔ وائی ایس آر کانگریس نے عوامی مسائل کو اٹھاتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو زیر قیادت حکومت کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت اس سیشن کے دوران دیگر چار مسائل پر بھی بیانات دینے تیار ہے اس میں عوامی اہمیت کے حامل مسائل ہیں۔ یہ سیشن 24 ڈسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ سیشن کے پہلے دن ایوا ن میں تروپتی کے موجودہ رکن اسمبلی ایم وینکٹ رمنا کے انتقال پر تعزیت پیش کی جائے گی جن کا قلب پر حملے کی وجہ سے 15ڈسمبر کو انتقال ہوا تھا۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کا کل اجلاس منعقد ہوگا جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا ہفتہ کو بھی ایوان کی کارروائی چلائی جائے یا نہیں۔ ہفتہ کے دن عام طور رپر تعطیل ہوتی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت اپنا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ریاست کے اندر حکومت کی تمام محاذوں پر ناکامی کے مسئلہ کو اٹھائے جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی رکن اسمبلی جی سری کانت ریڈی اور دیگر ارکان نے کہا کہ ایوان میں کسانوں کی خودکشی کے مسئلہ کو بھی اٹھایا جائے گا۔ سمجھا جاتا ہے کہ 23یا 24ڈسمبر تک سرمائی اسمبلی سیشن جاری رہے گا۔اس مختصر مدتی اسمبلی کا سرمائی سیشن بھی گرما گرم ہونے کا قوی امکان ہے۔تمام ارکان کو ایوان کی کارروائی کے آغاز سے قبل اسمبلی پہنچ جانے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں ایوان کی کارروائی کا 9بجے صبح آغاز ہوگا۔ اسی دوران گورنمنٹ چیف وہپ مسٹر کے سرینواس نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل 28ڈسمبر کو ایوان کی کارروائی سے قبل ہی ایوان کی بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس کا 8بجے سے آغاز ہوگا اور اس اجلاس میں اسمبلی کے مختصر مدتی اجلاس میں موضوع بحث بنائے جانے والے مسائل کے تعلق سے تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔