آندھرا پردیش اسمبلی ارکان کیلئے سہولتوں کا فقدان

تلگو دیشم پارٹی کے رکن اسمبلی کے بابو راؤ کی شکایت

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( آئی این این ) : تلگو دیشم پارٹی کے رکن اسمبلی کدری بابو راؤ نے آج اس بات کی شکایت کی کہ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے لیے سہولتوں کا فقدان ہے ۔ اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کینگیری کے رکن اسمبلی نے شکایت کی کہ آندھرا پردیش کے ارکان اسمبلی کے لیے خاطر خواہ سہولتوں کا انتظام نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ارکان اسمبلی یہ محسوس کرتے ہیں کہ حیدرآباد میں ان کے لیے کئے گئے انتظامات عارضی ہیں لیکن ان کے لیے تلنگانہ کے ارکان اسمبلی کے مساوی مناسب انتظامات ہوناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو حیدرآباد میں زیادہ طویل عرصہ تک رہنے کے حق میں نہیں ہیں اور مستقبل قریب میں آندھرا پردیش ریاست کی اس کی خود کی اسمبلی ہوگی اس وقت تک آندھرا پردیش کے ارکان اسمبلی کو وہ تمام سہولتیں جو ان کے لیے ضروری ہیں فراہم کی جانی چاہئے ۔