نیلور 20 جون ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج آندھرا پردشے و تلنگانہ کے قائدین سے کہا کہ و ہ گورنر کے خلاف ریمارکس کرنے سے گریز کریں۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں دونوں ریاستوں کے قائدین ایک دوسرے کے خلاف سخت الزامات عائد کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزرا کو تلقین کی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور اپنی اپنی ریاستوں کی ترقی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خاص طور پر کسی کا نام نہیں لیتے ۔ جس طرح کے ہم الفاظ استعمال کر رہے ہیں اور جس طرح کی تنقید کر رہے ہیں ہمیں خود کا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بعض وزرا کے ریمارکس سے متعلقہ قیادتوں کو واقف کروادیا ہے ۔ باہمی تنازعات میں گورنر جیسے دستوری عہدہ کا وقار مجروح نہیں کیا جانا چاہئے ۔