آندھرا میں 2 لاکھ کروڑ کے بجٹ کی تیاری 2019 انتخابات کے پیش نظر بجٹ میں بھاری اضافہ

امراوتی 4 جنوری ( پی ٹی آئی ) 2019 کے انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے آندھرا پردیش کی تلگودیشم حکومت سال 2018-19 میں دو لاکھ کروڑ کا بھاری بجٹ پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس طرح بجٹ میں جاریہ اقتصادی سال کی بہ نسبت جملہ 43,000 کروڑ کا اضافہ ہوسکتا ہے ۔ وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے املاپورم میں آج دو پہر اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے آئندہ مالیاتی سال کیلئے 2 لاکھ کروڑ کی بجٹ تجاویز تیار کی جا رہی ہیں حالانکہ رواں مالیاتی سال جی ایس ٹی کی وجہ سے ریاست کے مالیہ وصولی میں کمی آئی ہے ۔ امکان ہے کہ آئندہ اقتصادی سال کیلئے بجٹ ماہ فبروری میں پیش کیا جائیگا ۔ لوک سبھا انتخابات 2019 کے پہلے نصف میں ہونے والے ہیں اور اسی سال آندھرا پردیش اسمبلی کے انتخابات بھی ہونگے ۔ وائی رام کرشنوڈو نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو مالیاتی مسائل کا سامنا ہے ۔ جی ایس ٹی کی وجہ سے ہمارے مالیہ میں کمی آئی ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ جاریہ ماہ کے آخر تک مرکز سے کچھ فنڈز دستیاب ہونگے ۔ سال 2017-18 کیلئے آندھرا پردیش کا بجٹ 1,56,999 کروڑ کا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں تاحال 86,791 کروڑ روپئے کے مالیہ اخراجات ہوئے ہیں جبکہ یہ نشانہ 1,25,911 کروڑ کا تھا ۔