حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن نے نئے سال نو 2017 کے موقعہ پر بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خوشخبری دیتے ہوئے مختلف زمروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے مزید دس نئے اعلامئے جاری کئے ۔ گروپ I اور گروپ III جائیدادوں پر تقررات کے ساتھ نچلی سطح کی جائیدادوں پر بھی تقررات عمل میں لانے صدر نشین آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن مسٹر اودے بھاسکر نے نوٹیفیکیشن جاری کئے ۔ ان نوٹیفیکیشن کی روشنی میں گروپ I کے تحت 78 جائیدادیں گروپ III کے تحت جملہ 1055 جائیدادیں پنچایت راج سکریٹری عہدوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جاری کردہ اعلامیوں کے لیے امتحانی شیڈول سے متعلق عارضی تواریخ کا اعلان تو کیا گیا ہے لیکن سال 2017 میں مختلف مسابقتی امتحانات کے شیڈول کو پیش نظر رکھتے ہوئے عارضی تواریخ کے شیڈول میں رد و بدل کیا جاسکتا ہے ۔ صدر نشین اے پی پبلک سرویس کمیشن مسٹر اودے بھاسکر نے بتایا کہ گروپ I مین امتحان کے ماسوا دیگر تمام آبجکٹیو امتحانات کے منفی نشانات ہوبگے اور کہا کہ اعلامیہ کی مکمل تفصیلات آج یعنی ( شنبہ کی نصف شب ) ہفتہ کی شب ویب سائٹ پر رکھے جائیں گے ۔