آندھرا حکومت ملازمین کو تنخواہ دینے کے موقف میں بھی نہیں

مرکز سے امداد حاصل کرنے کی کوشش : دہلی میں منتخب چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈؤ کا بیان
حیدرآباد۔ 26 مئی (سیاست نیوز) منقسم آندھرا پردیش میں تشکیل دی جانے والی نئی حکومت اپنے ملازمین کو پہلے ماہ کی تنخواہ دینے کے موقف میں نہیں ہے۔ منتخب چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج دہلی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت قرضہ جات کی معافی کے فیصلے پر قائم ہے، لیکن آمدنی نہ ہونے کے سبب سرکاری ملازمین کی پہلے ماہ کی تنخواہیں جاری کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ مکمل آمدنی جوکہ سرکاری ملازمین کو بطور تنخواہ ایصال کی جاتی تھی، وہ حیدرآباد سے ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت مرکز سے خصوصی امداد حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے اور انہیں یقین ہے کہ مرکزی امداد کے ذریعہ ملازمین کو راحت پہونچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر نائیڈو نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے ملازمین کی تقسیم کے مسئلہ پر ’’وار روم‘‘ کی تیاری کو بالواسطہ طور پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تقسیم کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے ناکہ جنگی ماحول تیار کیا جائے۔

مسٹر نائیڈو نے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ جو صورتحال پیدا کی جارہی ہے، وہ صحت مند جمہوریت کیلئے درست نہیں ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کرے، چونکہ اب وہ کوئی تحریک کے قائد نہیں بلکہ ایک ریاست کے چیف منسٹر ہونے جارہے ہیں۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ مرکز کی جانب سے خصوصی پیاکیجس کے حصول کے لئے وہ کوشاں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت ملک کی مجموعی ترقی کے لئے منقسم آندھرا پردیش کو بھی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کی تقسیم کے بعد دی جانے والی امداد کو آبادی کے تناسب کے اعتبار سے دو ریاستوں کے درمیان تقسیم کیا جانا چاہئے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی اپنے دور اقتدار میں آندھرا پردیش کی ترقی کو یقینی بنانے کو کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔

موسم میں تبدیلی کا امکان
حیدرآباد26مئی ( سیاست نیوز) تلنگانہ اضلاع محبوب نگر و عادل آباد کے بعض علاقوں میں گرمی کی لہر جاری ہے جبکہ جنوب ساحلی اڈیشہ اور قرب و جوار میں ہوا کے دباؤ میں کمی دیکھی گئی جسکے زیر اثر آئندہ 48 گھنٹوں میں نلگنڈہ ‘ کھمم ‘ محبوب نگر ‘ ورنگل و نگر میں تیز یا ہلکی بارش ہوگی ۔ شہر و مضافات میں آئندہ 2یوم کے دوران مطلع ابرآلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت اقل ترین 26ڈگری اور اعظم ترین 38ڈگری سلیس ریکارڈ کیا جاسکا ۔