آندھرا اسمبلی میں اسپیکر کو مبارکبادیاں

تلگودیشم و وائی ایس آر کانگریس ارکان میں نوک جھونک

حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی کو مبارکبادیوں کی پیشکشی کے سلسلہ میں جاری تقاریر کے دوران آندھرا پردیش اسمبلی کے ارکان کے درمیان بحث چھڑ گئی اور تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر بچیا چودھری اور وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی مسٹر جلیل باشا کے درمیان ٹھن گئی۔ مسٹر بچیا چودھری نے اپنے خطاب کے دوران وائی ایس آر کانگریس کو بالواسطہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس میں جو قائدین موجود ہیں ان میں بیشتر کا تعلق تلگودیشم پارٹی سے ہی ہے اور وہ تلگودیشم چھوڑ کر وائی ایس آر پارٹی میں شمولیت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ جس پر مسٹر جلیل باشا نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم قائدین کو یہ بات یاد رہ گئی ہے کہ وائی ایس آر کانگریس میں جو قائدین ہیں وہ تلگودیشم پارٹی سے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کئے ہیں لیکن شاید تلگودیشم پارٹی ارکان اسمبلی اس بات کو فراموش کرچکے ہیں مسٹر این چندرا بابو نائیڈو خود کانگریس چھوڑ کر تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائد ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تلگودیشم پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم کو شرم آنی چاہیئے کہ پارٹی نے آندھرا پردیش اسمبلی کیلئے ایک بھی مسلم رکن کو منتخب کروانے میں کامیابی حاصل نہیں کی جس سے پارٹی کی ساکھ کا اندازہ ہوتا ہے۔