محبوب نگر میں درجہ حرارت 43 ڈگری ، محکمہ موسمیات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ساحلی آندھرا اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع نیلور ، پرکاشم ، گنٹور ، کرشنا اور وشاکھا پٹنم اور تلنگانہ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 39 ڈگری سے زائد ریکارڈ کیا جارہا ہے جب کہ ضلع محبوب نگر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سلیس سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راما گنڈم میں 40 ڈگری ، بھدرا چلم میں 41 ڈگری ، اننت پور میں اور تروپتی میں 42 اور کرنول میں 41 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار نرسمہا راؤ نے بتایا کہ گرمی کی موجودہ شدت آئندہ دو دن برقرار رہے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں درجہ حرارت ماہ مئی میں 43 تا 44 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے ۔ بتایا گیا کہ نندی گاما میں سب سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ آئندہ دو دنوں میں درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی نہیں ہوگی ۔ حیدرآباد میں آئندہ دو دنوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ درجہ حرارت 40 اور 24 ڈگری کے آس پاس رہے گا ۔۔