نائیڈو کے فرزند لوکیش کو کے سی آر کے فرزند کے ٹی آر کی طرح آئی ٹی و پنچایت راج کی ذمہ داری
حیدرآباد ۔ 3اپریل ( سیاست نیوز) آندھراپردیش کابینہ میں توسیع اور قلمدانوں میں ردوبدل کرکے آج تمام وزراء کے قلمدانوں کا چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا ۔ آندھراپردیش کابینہ میں 11نئے وزراء کو شامل کرتے ہوئے 5 وزراء کو کابینہ سے علحدہ کیا گیا تھا جس کیو جہ سے علحدہ کردہ وزراء کے قلمدان اور موجودہ وزرا کے بعض قلمدانوں میں معمولی ردوبدل کرتے ہوئے تمام وزراء کو قلمدان حوالے کئے گئے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ جنرل سکریٹری تلگودیشم مسٹر این لوکیش کو انفارمیشن ٹکنالوجی ‘ پنچایت راج و دیہی ترقیات کا قلمدان دیا گیا ۔ اس معاملہ میں نائیڈو نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی نقل کی ہے جنہوںنے اپنے فرزند کے ٹی آر کو ریاست میں آئی ٹی اور پنچایت راج کا قلمدان دیا ہے ۔ اسی طرح نائیڈو نے بھی اپنے فرزند لوکیش کیلئے انہیں دو قلمدانوں کو پسند کیا ہے ۔ دیگر وزرا میں مسٹر کے ای کرشنا مورتی ڈپٹی چیف منسٹر کو محکمہ ریونیو اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن ‘ این چنا راجپا ڈپٹی چیف منسٹر کو محکمہ داخلہ و آفات سماوی ‘ وائی راما کرشنوڈو کو فینانس اور مقننہ ‘ کے کلا وینکٹ راؤ کو برقی ‘ کے اچن نائیڈو کو ٹرانسپورٹ ‘ بہبود پسماندہ طبقات و ہینڈلوم ۔ وی ایس کرشنا رنگا راؤ معدنیات ‘ زیرزمین آبی وسائل ‘ سی ایچ ایناپاتروڈ عمارات و شوارع ‘ جی سرینواس راؤ فروغ انسانی وسائل ‘ کے جواہر اکسائز ‘ پی ستیہ نارائنا محنت و روزاگ ‘ پی مانکیال راؤ ہندو انڈومنٹ ‘ کامینینی سرینواس راؤ صحت و طبابت ‘ کے رویندر قانون و انصاف ‘ اسکل ڈیولپمنٹ ‘ اسپورٹس ۔ ڈی اوما مہیشور راؤ آبپاشی ‘ این آنند بابو سماجی و قبائلی بہبود ‘ پی پلا راؤ سیول سپلائیز اُمور صارفین ‘ ایس راگھوا راؤ جنگلات و ماحولیات ‘ پی نارائنا بلدی نظم و نسق ‘ شہری ترقیات اربن امکنہ جات ‘ ایس چندرا موہن ریڈی زراعت ‘ آدی نارائنا ریڈی مارکیٹنگ و گودامس ‘ پدما اکھیلا پریہ سیاحت تہذیبی اُمور و تلگو کی ترقی ‘ کے سرینواسلو اطلاعات و تعلقات عامہ ‘ پریٹالالہ سنیتا بہبودی خواتین و اطفال اور امرناتھ ریڈی کو صنعت کا قلمدان حوالے کیا گیا ۔