آندھراپردیش کو خصوصی موقف نہیں مل سکتا

دستوری رکاوٹ کا تذکرہ، مرکزی وزیرفینانس کا راجیہ سبھا میں بیان
نئی دہلی ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے سے صاف انکار کیا ہے حالانکہ راجیہ سبھا میں جماعتی وابستگی سے بلند ہوکر ارکان نے اس تعلق سے جذباتی مطالبہ کیا ہے۔ ارون جیٹلی نے کہاکہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے میں دستوری رکاوٹیں ہیں۔ دستور ہند کے تحت فینانس کمیشن مقرر کیا گیا ہے جو ریاستوں کو مرکزی فنڈس کی منتقلی طئے کرتا ہے۔ 14 ویں فینانس کمیشن نے مرکز ریاست مالیات کی نئی صورت گیری کی ہے۔ نئے مالیاتی قواعد کی وجہ سے آندھراپردیش کو خصوصی موقف دیئے میں رکاوٹ ہے وہ راجیہ سبھا میں مختصر مدتی مباحث کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کساد بازاری بار بار کی خشک سالی سات ویں پے کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کی وجہ سے پہلے ہی مرکزی خزانہ پر کافی بوجھ ہے۔ انہوں نے وسائل کا اندازہ کرنے میں مرکز اور آندھراپردیش حکومت میں کافی فرق پایا جاتا ہے۔ حکومت آندھراپردیش نے جو اعداد و شمار پیش کئے ہیں، مرکز اس کا جائزہ لے رہا ہے۔ سیتارام یچوری نے مداخلت کرتے ہوئے وزیرفینانس پر زور دیا کہ وہ ہاں یا نا میں جواب دیں کہ آیا آندھراپردیش کو خصوصی موقف دیا جائے گا یا نہیں۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ وہ دستوری موقف بیان کررہے ہیں۔