حیدرآباد۔30مارچ ( سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے تقسیم ریاست کی بل میں آندھراپردیش سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا ۔ اس طرح کی ملاقاتوں سے تعلقات خوشگوار ہونے کا ریمارک کیا ۔ جگن موہن ریڈی نے آج دہلی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے 7ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور آدھا گھنٹہ تک آندھراپردیش کے مختلف مسائل پر گفتگو کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے بتایا کہ تقسیم ریاست کی بل میں آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے ‘ وشاکھاپٹنم میںریلوے زون قائم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے پولاورم کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا ‘ تاہم پولاورم پراجکٹ کی تعمیر میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پٹی سیما پراجکٹ تعمیر کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی تعمیر میں آندھراپردیش حکومت پر من مانی اور یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے عوام کے جذبات سے کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ان تمام مسائل سے وزیراعظم کو واقف کرانے کا جگن موہن ریڈی نے دعویٰ کیا ۔ ساتھ ہی پٹی سیما پراجکٹ سے آندھراپردیش کو ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پٹی سیما پراجکٹ کا پانی جمع کرنے کی گنجائش نہیں ہے ۔ تلگودیشم حکومت کا یہ فیصلہ پولاورم پراجکٹ کیلئے نقصان کا سبب بن سکتاہے ۔صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ انہوں نے آندھراپردیش کے پسماندہ اضلاع کو ترقی دینے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کی وزیراعظم سے نمائندگی کرچکے ہیں ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی سے اس طرح کی ملاقاتیں تعلقات کو خوشگوار بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے ۔ اس ملاقات سے انہیں مثبت نعائج برآمد ہونے کی امید ہے ۔