وزیر آئی ٹی لوکیش نائیڈو کے بیان پر وائی ایس آر کانگریس ایم پی وجئے سائی ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد /12 ستمبر ( سیاست نیوز ) سینئیر قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی و رکن پارلیمان مسٹر وجئے سائی ریڈی نے گذشتہ انتخابات کے موقع پر انتخابی منشور میں کئے ہوئے وعدوں کو صد فیصد پورا کرنے کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی حکومت آندھراپردیش مسٹر این لوکیش کے ادعاء کا مضحکہ اڑایا اور اس ادعاء کی روشنی میں مسٹر این لوکیش کو فوری طور پر ’’ مینٹل ہاسپٹل ‘‘ میں شریک کروانے کا انہوں نے مشورہ دیا ۔ لوکیش نے اپنی پارٹی کے انتخابی منشور کو صد فیصد پورا کرنے کا اظہار کیا تھا ۔جوکہ بالکلیہ طور پر طفلانہ حرکت کے سواء اور کچھ نہیں ہے ۔ رکن پارلیمان نے ٹوئیٹ کے ذریعہ مسٹر لوکیش کو ’’ پپو نائیڈو‘‘سے خطاب کرتے ہوئے صد فیصد انتخابی منشور پر عمل کرنے کا بیان دینے والے ’’ پپو نائیڈو‘‘ کو پاگل خانہ میں فی الفور شریک کروانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسٹانفورڈ یونیورسٹیاں جنہوں نے لوکیش کو ڈگریاں عطا کی ہیں فوری منسوخ کردینا چاہئے ۔ بصورت دیگر ان یونیورسٹیوں کا وقار متاثر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ۔