حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں قومی شاہراہوں کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کریگی۔ آج چوتھے قومی آبی ٹرانسپورٹ راستے کیلئے منعقدہ سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی وزیر مسٹر نتن گڈکری نے یہ انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک گیر سطح پر 80 فیصد حمل و نقل قومی شاہراہوں کے ذریعہ ہی عمل میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت روزانہ 28 کیلو میٹر طویل فاصلہ تک قومی شاہراہوں کے تعمیری کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ آندھرا پردیش میں آبی ٹرانسپورٹ پراجکٹ کے کام جلد مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اغراض کیلئے پانی سربراہ کیا جائے تو زرعی ترقی ممکن ہوسکے گی لہذا زرعی ترقی کو یقینی بنانے سال 2019 تک آندھرا پردیش میں زیر تعمیر آبپاشی پرجاکٹ ’ پولاورم پراجکٹ ‘ کی تکمیل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا مرکزی وزیر نے تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کے ہاتھوں انجام دیئے جانے والے ریاست آندھرا پردیش کے مختلف پراجکٹس کو جلد سے جلد مکمل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔