وائی ایس آر سی پی رکن اسمبلی روجا پر حملہ کی مذمت، واسی ریڈی پدما کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے رکن اسمبلی و فلمی اداکارہ روجا پر تلگودیشم حامیوں کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو روجا سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی ترجمان مسز واسی ریڈی پدما نے کہا کہ آندھراپردیش میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلگودیشم کی ظلم و زیادتیاں اور غنڈہ گردی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تلگودیشم کے کارکنوں نے ایک منظم سازش اور منصوبہ بندی کے ذریعہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی مسز روجا پر حملہ کیا ہے۔ خاتون ہونے کا بھی پاس و لحاظ نہیں رکھا گیا جس کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت آندھراپردیش سے مطالبہ کرتی ہیکہ وہ فوری حرکت میں آئے اور روجا پر حملہ کرنے والے خاطیوں کو گرفتار کرتے ہوئے سخت سے سخت سزاء دیں۔ انہوں نے پولیس کے تماشائی بنی رہنے پر بھی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے بھی پوچھ تاچھ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس حملہ کے خلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے احتجاج کیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی رکن اسمبلی مسز روجا نے ان پر تلگودیشم کے سابق رکن اسمبلی مدو کرشنما نائیڈو اور ان کے فرزند کے حامیوں نے حملہ کردیا۔ وہ گذشتہ 5 سال سے مندر میں پوجا کیلئے پہنچتی ہیں تاہم آج ان پر حملہ کیا گیا ہے۔ تلگودیشم حکومت میں خوایتن کا کتنا احترام ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے۔ ایک رکن اسمبلی محفوظ نہیں ہے تو عام افراد کی کیا سیکوریٹی ہوگی اس سے اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان پر حملہ کرنے والوں کو تو گرفتار نہیں کیا مگر حملے کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے ان کے حامیوں پر لاٹھی چارج کیا ہے۔ شکست کا بدلہ لینے کیلئے تلگودیشم قائدین نے ان پر حملہ کیا ہے۔