آندھراپردیش سے ناانصافی پر پارلیمنٹ میں سخت موقف اختیار کرنے پر زور

قومی صدر تلگودیشم و چیف منسٹر چندرا بابو کی ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت
حیدرآباد ۔ /18 جولائی (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے سلسلہ میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے ارکان پارلیمان کو واقف کروایا اور آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافی پر وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کو جھنجوڑنے کا ارکان کو مشورہ دیا ۔چندرا بابو نے آج امراوتی سے ارکان پارلیمان پارٹی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرکے تحریک عدم اعتمادکی تائید کے حصول میں کامیابی پر ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے ستائش کی اور یہی جوش و حقیقی جذبہ جاریہ پارلیمانی سیشن کے تمام دنوں میں اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے ارکان پارلیمان سے کہا کہ وہ دہلی کے حالات پر اپنی گہری نظر مرکوز کررکھنے اور فوری طور پر مناسب ہدایات دیئے جانے کا اظہار کیا ۔ مسٹر چندرا بابو نے ارکان سے واضح طور پر کہا کہ ہم ریاست کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں کو ختم کرنے کے اہم مقصد کیلئے ہی اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس جدوجہد کیلئے کسی کا بھی کوئی ذاتی مقصد یا مفاد ہرگز نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت کے خلاف تلگودیشم ارکان کی جدوجہد محض آئندہ نسل کے درخشاں مستقبل کو یقینی بنانا ہے ۔ قومی صدر تلگودیشم و چیف منسٹر نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست اور اس کے 5 کروڑ عوام کی مکمل نظریں دہلی پر لگی ہوئی ہیں اور پارلیمنٹ کو ہی ہر کوئی دیکھ رہے ہیں ۔ ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے اور ر یاستی عوام کے مفادات کیلئے کسی سمجھوتے کے بغیر تلگودیشم اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کے اپنے عزم کا مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اظہار کیا اور ارکان پارلیمان کو ہدایت دی کہ قانون تقسیم ریاست میں دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کیلئے حکومت پر اپنے دباؤ میں زبردست اضافہ کریں اور دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہونے والے وزیراعظم نریندر مودی کو راست نشانہ بناتے ہوئے جھنجوڑنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جدوجہد کرنا تلگودیشم اور اس کے قائدین کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ بلکہ جدوجہد کے ذریعہ ہمیشہ کامیابیاں حاصل کی گئیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد خود بی جے پی اور نریندر مودی نے اس بات کا واضح تیقن دیا تھا کہ ریاست کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کو دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کی نظریں تلگودیشم پارٹی پر ہی لگی ہوئی ہیں ۔