اے پی کیلئے 144 اور تلنگانہ کیلئے 112 آئی پی ایس عہدیداروں کی تعیناتی
حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کیلئے انڈین پولیس سرویس عہدیداروں کا الاٹمنٹ کیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے بعد تلنگانہ حکومت نے بھی آج احکامات جاری کئے۔ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کیلئے 144 آئی پی ایس عہدیداروں کو الاٹ کیا ہے اُن میں سینئر ڈیوٹی پوسٹ رتبہ کے 79عہدیدار شامل ہیں۔ ان عہدیداروں میں ڈائرکٹر جنرل پولیس(2) ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (7) انسپکٹر جنرل پولیس (17) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (13) اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (40) عہدیدار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سنٹرل ڈیپوٹیشن، اسٹیٹ ڈیپوٹیشن، ٹریننگ، ڈائرکٹ رکروٹمنٹ اور ترقی کے ذریعہ آئی پی ایس کا رتبہ حاصل کرنے والے جملہ 65 عہدیدار آندھرا پردیش کیلئے الاٹ کئے گئے ہیں۔ اسی طرح تلنگانہ حکومت کیلئے جملہ 112 آئی پی ایس عہدیدار الاٹ کئے گئے جن میں سینئر ڈیوٹی پوسٹ کے رتبہ کے 61عہدیدار شامل ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس(1) ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (5) انسپکٹر جنرل پولیس (13) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (11) اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس درجہ کے (31) عہدیدار شامل ہیں۔ان کے علاوہ سنٹرل ڈیپوٹیشن کے (24)اسٹیٹ ڈیپوٹیشن ریزرو کے (15) ٹریننگ ریزرو (2) جونیر پوسٹ ریزرو (10) آئی پی ایس رتبہ پر ترقی پانے والے (34) اور ڈائرکٹ رکروٹمنٹ کے ذریعہ تقرر حاصل کرنے والے (78)عہدیدار تلنگانہ کیلئے الاٹ کئے گئے ہیں۔