سابق وزیر اعظم معاشی اصلاحات کے معمار ، پی وی یونیورسٹی کے قیام اور مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ
سابق وزیر اعظم کے 93 ویں یوم پیدائش پر تقریب سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو ان کی 93ویں جینتی کے موقع پر ٹی آر ایس حکومت نے خراج پیش کیا۔ پی وی نرسمہا راؤ کے دیہانت کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی حکومت نے سرکاری طور پر ان کی جینتی تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا ہے۔ نیکلس روڈ پر واقع پی وی سمادھی پر سرکاری تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی، ای راجندر، پی مہیندر ریڈی،جوگو رامنا، ارکان پارلیمنٹ کے کویتا، جتیندر ریڈی، ممتاز تلگو اسکالر سی نارائن ریڈی، بی جے پی قائدین بنڈارودتاتریہ، ڈاکٹر لکشمن، حکومت کے مشیر برائے ثقافت کے وی رمنا چاری کے علاوہ پی وی نرسمہا راؤ کے افراد خاندان نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر، چیف منسٹر، ڈپٹی چیف منسٹر اور وزراء نے سمادھی اور پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے۔اس موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے نرسمہا راؤ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ’ بھارت رتن‘ ایوارڈ دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی کابینہ میں بہت جلد ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے پی وی نرسمہا راؤ کو ’ بھارت رتن‘ کا اعزاز دینے کی درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے نرسمہا راؤ کو 1999ء میں معاشی اصلاحات کا معمار قرار دیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں نرسمہا راؤ کی ایک یادگار کی تعمیر کا بھی اعلان کیا جو نرسمہا راؤ کے کارناموں کے یادگار کی طرح ہوگی۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں نئے قائم ہونے والے اضلاع میں ایک ضلع کا نام پی وی نرسمہا راؤ سے موسوم کرنے اور تلنگانہ کی ایک یونیورسٹی کا نام بھی نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مرکز سے درخواست کی کہ وہ نئی دہلی میں نرسمہا راؤ کی یادگار تعمیر کرے۔چیف منسٹر نے کہا کہ نرسمہا راؤ 17زبانوں سے واقف تھے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سابق حکومتوں کو نرسمہا راؤ کے مجسمہ کی تعمیر کا خیال نہیں آیا۔ کے سی آر نے کہا کہ بہت جلد شہر کے مرکزی مقام پر نرسمہا راؤ کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ کانگریس کے سینئر قائد کے جانا ریڈی، بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ، ڈاکٹر سی نارائن ریڈی اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر نرسمہا راؤ کی یاد میں ایک کتاب کی رسم اجراء انجام دی گئی۔