آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کو ٹی آر ایس قائدین کا خراج

حیدرآباد۔/6اگسٹ ، ( پریس نوٹ ) آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے اسٹیٹ لیڈر جناب سمیر یمنی کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کے ایک بڑے وفد نے منٹ کمپاونڈ میں واقع مجسمہ جئے شنکر پر پھول مالا چڑھا کر آنجہانی پروفیسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر جناب سمیر یمنی نے اپنے صحافتی بیان میں آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کو بھرپور خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کے نظریات کو تلنگانہ کی عوام میں عام کرتے ہوئے صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کی پوری عوام کو علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک سے جوڑنے کا کام کیا ہے۔ جناب سمیر یمنی نے مزید کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے تلنگانہ کے عظیم دانشور پروفیسر جئے شنکر نے اپنی ساری زندگی تلنگانہ تحریک کے حوالے کردی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سرکاری سطح پر پروفیسر جئے شنکر کی یوم پیدائش اور برسی منانے کا اعلان بھی جئے شنکر کی قربانیوں پر خراج کے لئے کم ہے۔ جناب سمیر یمنی نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو عوام تک پہنچانے میں آنجہانی پروفیسر جئے شنکر نے اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے ہر ضلع میں پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ کی تنصیب کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کے نام سے کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے اسٹیٹ یونیورسٹی قائم کی جائے جہاں پر ریاست کے تمام طبقات اور مذاہب کے بچوں کو مفت تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔